دونوں آیتوں کے درمیان کوئ تعارض نہيں

ان دونوں آیتوں جمع کیسے ہوگا ؟ : { ان اللہ لایغفران یشرک بہ ویغفرمادون ذالک لمن یشاء } بلاشک وشبہ اللہ تعالی اسے معاف نہیں کرتا کہ اس کے ساتھ شرک کیا جاۓ اس کے علاوہ جو بھی ہے جسے چاہے معاف کردے ۔ اور اللہ تعالی کافرمان ہے : { وانی لغفارلمن تاب وآمن وعمل صالحا ثم اھتدی } اور بیشک جوتوبہ کرتا اورایمان لاتا اور اعمال صالحہ کرکے ھدایت اختیارکرتا ہے میں اسے بخش دیتا ہوں ۔ اورکیا ان دونوں آیتوں کے درمیان تعا‌رض پایا جاتا ہے ؟

الحمد للہ
ان دونوں آیتوں کے درمیان تعارض نہیں ہے ، پہلی آیت ان لوگوں کے بارہ میں ہے جوتوبہ کے بغیرشرک پر ہی مرگۓ تو انہیں بخشا نہیں جاۓ گا بلکہ ان کا ٹھکانہ جہنم ہے جیسا کہ اللہ سبحانہ وتعالی نے فرمایا ہے :

{ یقین جانوکہ جوشخص اللہ تعالی کے ساتھ شرک کرتا ہے اللہ تعالی نے اس پر جنت حرام کردی ہے ، اس کا ٹھکانا جہنم ہی ہے اورگنہگاروں کی مدد کرنے والا کوئ نہیں ہوگا } المائدۃ ( 72 ) ۔

اوراللہ رب العزت کا فرمان ہے :

{ اگرفرضا یہ حضرات بھی شرک کرتے تووہ جوبھی اعمال کرتے تھے وہ سب اکارت ہوجاتے } الانعام ( 88 ) ۔

اوراس معنی کی بہت ساری آیات ہیں ، اور دوسری آیت جس میں اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ :

{ اور بیشک جوتوبہ کرتا اورایمان لاتا اور اعمال صالحہ کرکے ھدایت اختیارکرتا ہے میں اسے بخش دیتا ہوں } طہ ( 82 ) ۔

یہ آیت ان لوگوں کے بارہ میں ہے جوشرک سے توبہ کرلیتےہیں ، اور اسی طرح اللہ تعالی نے یہ بھی فرمایا ہے کہ :

{ (میری جانب سے ) کہہ دو کہ اے میرے بندو ! جنہوں نے اپنی جانوں پر ظلم وزیادتی کی ہے تم اللہ تعالی کی رحمت سے ناامید نہ ہوجاؤ ، یقینا اللہ تعالی سارے گناہوں کوبخش دیتاہے ، واقعی وہ بڑی بخشش بڑی رحمت والاہے } الزمر ( 53 ) ۔

اوراللہ تعالی ہی توفیق بخشنے والا ہے .

مجموع فتاوی ومقالات لفضیلۃ الشیخ ابن بازرحمہ اللہ تعالی (4/419 )

 

خرابی کی صورت یا تجاویزکے لیے رپورٹ کریں

ہر میل،فیڈبیک،مشورے،تجویز کو قدر کی نظر سے دیکھا جائے گا

صفحہ کی لائن میں تبدیلی نہ کریں ـ