ولیمہ میں کھانا کھلانا انبیاء کی سنت ہے ؟

السلام علیکم ،یہ  حدیث کس کتاب میں ہے۔ حبشہ کے بادشاہ نجاشی رضی اللہ عنہ نے جب ام امومنین ام حبیبہ بنت ابو سفیان رضی اللہ عنہ کا نکاح نبی اکرم ﷺ سے کیا تو انہوں نے حاضرین سے کہا کہ کھانہ کھا کر جانا کیوں کہ نکاح پرکھانا کھلانا انبیاء کی سنت ہے

 

 

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ

ولیمہ کرنا سنت ہے جیسا کہ صحیح بخاری (2049)صحیح مسلم (1427) میں مروی ہے کہ نبی ﷺ نے عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کو فرمایا تھا «أَوْلِمْ وَلَوْ بِشَاةٍ» ولیمہ کرو اگرچہ ایک ہی بکری کے ساتھ ہو

اس کے علاوہ بھی ولیمہ کے حوالے سے روایات موجود ہیں

لیکن سوال میں جس روایت کے بارے میں دریافت کیا گیا ہے وہ روایت مختلف طرق سے طبقات الکبری لابن سعد [ 8/98] ، مستدرک الحاکم [4/6670] ،دلائل النبوۃ للبیھقی (3/462)اور اس کے علاوہ بھی کئی کتب میں موجود ہے لیکن اس کی کوئی بھی سند صحیح نہیں اکثر طرق کا مدار محمد بن عمر الواقدی پر ہے جو کہ معروف متروک راوی ہے اور بعض اسانید میں حمد بن الحسن بن زبالة، ہے جو کہ متروك متهم ہے اور بعض دوسرے طرق میں بھی ضعف ہے

خلاصہ کلام یہ ہے کہ یہ الفاظ بسند صحیح ثابت نہیں اس کے جتنے بھی طرق ہیں وہ ضعیف ہیں 

واللہ اعلم بالصواب

خرابی کی صورت یا تجاویزکے لیے رپورٹ کریں

ہر میل،فیڈبیک،مشورے،تجویز کو قدر کی نظر سے دیکھا جائے گا

صفحہ کی لائن میں تبدیلی نہ کریں ـ